ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں انتخابی سروے کرتی پائی گئی ہریانہ ٹیم؛ پولس اورتعلقہ انتظامیہ نے روکا کام

بھٹکل میں انتخابی سروے کرتی پائی گئی ہریانہ ٹیم؛ پولس اورتعلقہ انتظامیہ نے روکا کام

Fri, 23 Dec 2022 17:37:22    S.O. News Service

بھٹکل 23 ڈسمبر (ایس او نیوز) بارہ ممبران پر مشتمل ہریانہ سے آئی ہوئی ایک ٹیم کو پولس اور تعلقہ انتظامیہ نے اُس وقت  کام کرنے سے روک دیا جب وہ بھٹکل میں  گھر گھر جاکر سروے کرتے  اور عوام سے سوالات کرتے ہوئے پائے گئے۔

پتہ چلا ہے کہ  دُھروا نامی ادارہ سے منسلک یہ لوگ گھر گھر جاکر سروے کررہے تھے اور 40 سے زائد سوالات پوچھ کر کسی ایپ میں  جمع کررہے تھے،  جمعرات شام کو  کسی نے پولس کو  خبر دی  جس کے دوران پولس ٹیم نے سروے کرنے والی ٹیم کو  اولڈ بس اسٹائنڈ کے قریب دھر لیا اور بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار کو واقعے کی جانکاری دی۔ اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر ممتادیوی، تحصیلدار   ، ڈی وائی ایس پی بیلی ایپّا، سرکل پولس انسپکٹر دیواکر سمیت دیگر پولس و سرکاری اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور  سروے کرنے والی ٹیم کے لوگوں سے   سوالات کرتے ہوئے سروے کا کام روک دیا۔

سرکل پولس انسپکٹر دیواکر نے بتایا  کہ سوالات کرنے پر پتہ چلا کہ  یہ لوگ   تین دن سے بھٹکل  اور مضافاتی علاقوں  میں  انتخابی  سروے کررہے تھے اور جمعرات کو ان  لوگوں  نے بھٹکل ٹاون میں سروے کا کام شروع کیا تھا، بس اسٹائنڈ کے قریب مچھلی مارکٹ کے اطراف سروے کرنے کے دوران  ہمیں کسی نے  فون کرکے خبر دی جس  کے بعد پولس ٹیم موقع پر پہنچی اور ان سے سوالات کئے، بعد میں ہم نے اے سی اور تحصیلدار کو  جانکاری دی، جنہوں  نے فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ کر  ان کو سروے کا کام روکنے کا حکم دیا۔ انسپکٹر دیواکر کے مطابق یہ لوگ  کسی سے اُن کا شناختی کارڈ  یا دیگر ڈوکومینٹس وغیرہ نہیں پوچھتے تھے،  بلکہ وہ انتخابات کے تعلق سے سوالات کررہے  تھے کہ  وہ کس کو ووٹ دیں گے،یہاں  کس لیڈر نے عوامی کام کیا، وغیرہ۔

پتہ چلا ہے کہ ہریانہ سے آئی ہوئی یہ ٹیم منکی میں سروے کا کام مکمل کرکے بھٹکل پہنچی تھی۔ بعض مضافاتی علاقوں میں سروے کا کام مکمل کرچکی تھی اور بھٹکل ٹاون پہنچ کر سروے کا کام شروع کیا تھا ۔ اِس ٹیم نے پولس کو بتایا کہ کرناٹک کے 70 فیصد مقامات پر سروے کا کام مکمل ہوچکا ہے اور یہ ایک غیر سرکاری ادارہ ہے۔ اس بات کا پتہ چلا ہے کہ منکی اور بھٹکل پہنچنے سے قبل  اس ٹیم کو  بلاری کے ہوسپیٹ میں سروے کرنے کے دوران عوام نے   روک دیا تھا۔ جس کے بعد  اُترکنڑا  ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر نے بھٹکل میں پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کسی بھی طرح کے سروے کرنے کی اجازت نہ ہونے کی بات  کہی تھی۔

بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتادیوی نے بتایا کہ  یہ ٹیم انتخابی سروے کررہی تھی، ہم نے احتیاطی طور پر  ان کو سروے کرنے  سے روک دیا ہے اور کہا  ہے کہ  اُن کو اگر سروے کرنا  ہی ہے تو  اعلیٰ حکام کی اجازت لے کر  سروے کریں۔

یاد رہے کہ دو روز قبل ہی بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتادیوی نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے عوام الناس کو  خبردار کیا تھا اور  کہا تھا کہ کسی بھی ادارہ کو  گھر گھر جاکر ووٹروں کی جانکاری حاصل کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ مگر ہریانہ سے آئی ہوئی اس ٹیم کا کہنا ہے کہ وہ  ووٹروں کی جانکاری حاصل نہیں کررہے تھے بلکہ  عوام کا رحجان جاننے کی کوشش کررہے تھے کہ وہ اگلے انتخابات میں کس کو ووٹ دیں گے اور یہاں کونسی پارٹی برسراقتدر پر آئے گی۔


Share: